لکی مروت سے تیل وگیس کے بھاری ذخائر دریافت

Published On 29 July,2021 06:51 pm

پشاور: (دنیا نیوز) تیل وگیس کے شعبے سے اچھی خبر آئی ہے، خیبرپختونخوا میں ایف آر لکی مروت سے تیل وگیس کے بھاری ذخائر دریافت کر لیے گئے۔

 

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ایف آر لکی مروت میں واقع کاواگڑھ فارمیشن پر ویل نمبر 1 پر گیس اور تیل کے بھاری ذخائر دریافت کر لئے ہیں یہ دریافت اس لحاظ سے اہم اور منفرد ہے کہ یہ پاکستان میں کاواگڑھ فارمیشن میں پہلی دریافت ہے اوجی ڈی سی ایل کی جانب سے اس کنواں کو 4727 میٹر گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔

ڈرلنگ کے دوران تیل/گیس کی موجودگی کے بارے میں اچھی رپورٹس اور اوپن ہول لاگ ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرل سٹیم ٹیسٹ کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر 32/64 چوک سائز پر 3000 پی ایس آئی (PSI) ویل ہیڈ فلوئنگ پر پریشر چیک کرنے کے بعد مذکورہ کنویں سے 11.8 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 945 بیرل یومیہ تیل حاصل ہو گا۔

اس سے پہلے او جی ڈی سی ایل نے چندا فیلڈ کی دریافت کی تھی اور اب اپنا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے کاواگڑھ فارمیشن (کوہاٹ بیسن) میں تیل اور گیس کی دریافت کی ہے، یہ دریافت نہ صرف او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ کرے گی، بلکہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہو گی۔

 

Advertisement