بحران شدید: پنجاب اورخیبرپختونخوامیں مختلف سیکٹرزکی گیس بندکرنیکا فیصلہ

Published On 28 June,2021 06:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے گیس بحران میں شدت کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مختلف سیکٹرز کی گیس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سی این جی سمیت دیگر سیکٹرز کو پانچ جولائی تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔

تفصیل کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی انتظامیہ کی جانب سے نان ایکسپورٹ انڈسٹری، سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تینوں سیکٹرز کو آج رات بارہ بجے سے پانچ جولائی تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ گیس کی سپلائی کم ہونے پر کیا گیا ہے، تاہم گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی جاری رہے گی۔

سوئی نادرن حکام کے مطابق نجی کمپنی کا ایل این جی ٹرمینل 29 جون سے 5 جولائی تک مرمت کے سلسلے میں بند رہے گا اور گیس لوڈمینجمنٹ کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا میں سی این جی سیکٹر سیمنٹ اور نان ایکسپورٹ انڈسٹریل سیکٹر کو بھی گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر کو بھی گیس کی فراہمی محدود کر دی جائے گی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے متعلقہ شعبوں اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے سی این جی رہنما غیاث پراچہ نے کہا کہ ملک بھر میں گیس بندش ناقابل قبول ہے، بحران بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ کاروباری برادری سے مذاق بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سی این جی بندش سے کئی سو ارب روپے کا نقصان ہو گا۔
 

Advertisement