ماسکو: (ویب ڈیسک) پاکستان اور روس کے درمیان نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کا نام پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن رکھا گیا ہے۔
وزارت توانائی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے روس میں سفیر شفقت علی خان اور روس کے وزیر توانائی نکولائی شلگینوف نے انٹر گورنمنٹل اگریمنٹ پر ماسکو میں دستخط کیے۔ پاکستان اور روس کے درمیان مفاہمت کے بعد انٹر گورنمنٹل اگریمنٹ کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت روس کے اشتراک سے گیس پائپ لائن پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے گا۔
Pakistan’s Ambassador to Russian Federation, Mr Shafqat Mahmood signed the Protocol to the InterGovernmental Agreement IGA today along with HE Nikolai Shulginov, Minister for Energy, Russian Federation in Moscow today. pic.twitter.com/5p2ncmtzkc
— Ministry of Energy (@MoWP15) May 28, 2021
منصوبے کی تکمیل کے لیے مخصوص پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کا ادارہ 60 دن کے اندر اندر قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کا نام بھی پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن رکھا گیا ہے۔
خیال رہے روس کے ساتھ 2015 میں معاہدہ ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔
پاکستانی حکام کی طرف سے اس معاہدے کی لاگت کا اندازہ 2.25 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ 2015 میں ہونے والے اس معاہدے کے مطابق روس نے اپنے خرچے پر گیس پائپ لائن تعمیر کرنی تھی اور 25 برس کے بعد پاکستان کے حوالے کرنا تھی۔ پہلے طے شدہ ماڈل کے تحت روس نے اس پراجیکٹ پر 85 فیصد رقم خرچ کرنا تھی جبکہ پاکستان نے 15 فیصد خرچ کرنا تھا۔
گزشتہ برس نومبر میں دونوں حکومتوں نے انٹر گورنمنٹل معاہدے میں ترامیم پر اتفاق کیا تھا جس پر آج دستخط ہوئے ہیں۔