اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے سال موسم سرما میں سی این جی سیکٹر کیلئے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ پنجاب اور پوٹھوہار میں سی این جی اسٹیشنز رواں ہفتے کھل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور چیئر مین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران معاون خصوصی برائے پٹرولیم نے غیاث پراچہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ پنجاب اور پوٹھوہار میں سی این جی اسٹیشنز رواں ہفتے کھل جائیں گے۔ اگلے دو ہفتوں کے دوران پنجاب اور پوٹھوہار میں سی این جی 2 سے 3 دن دستیاب ہوگی۔ جبکہ 18 جنوری سے گیس شارٹیج کی صورتحال بہترہو گی۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال بہتر ہونے پر دستیابی کا دورانیہ بتدریج بڑھا کر ریگولر کر دیا جائے گا، خیبر پختونخوا میں سی این جی کو ریگولر سپلائی جاری رہے گی۔ سندھ بھر میں ہفتہ وار 3 دن کا شیڈول ہے جس کو 18 جنوری سے بہتر کر دیا جائے گا۔
ندیم بابر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سی این جی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ اسی وجہ سے نئے سی این جی اسٹیشنوں کیلئے ایل این جی پر لائسنس دیئے جارہے ہیں، نئی گاڑیوں میں کنورزن کی اجازت دی گئی ہے۔ اگلے سال موسم سرما میں سی این جی سیکٹر کیلئے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔