اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس صارفین کے لئے بری خبر، آئندہ چند ہفتوں میں گیس بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے، سردی بڑھنے سے گیس شارٹ فال اڑھائی ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق شدید سردی میں گیس کی طلب 7 ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کا امکان ہے، ایل این جی سمیت گیس فراہمی ساڑھے 4 ارب مکعب فٹ یومیہ تک ہونے کا امکان ہے۔ گیس بحران 20 دسمبر سے 21 جنوری کے دوران بدترین صورت اختیارکرسکتا ہے۔ بحران سنگین ہونے سے سب سے زیادہ گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ممکنہ گیس بحران سے نمٹنے کیلئے اضافی ایل این جی درآمد یقینی بنائی جا رہی ہے۔