اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ حکومت عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کے دوران عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ لندن سکول آف اکنامکس کے پروفیسر ڈاکٹر رابن برجس، شکاگو یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل گرین سٹون نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر غور کیا گیا اور معاشی ترقی میں بجلی کے شعبے کے اہم کردار کے پیش نظر مختلف تجاویز دی گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے کے حوالے سے تحقیق کو سراہا۔
وزیر اعظم نے توانائی، خصوصا بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کی جلد تکمیل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے لئے پر عزم ہے۔ اصلاحات کا بنیادی محور عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، ماضی میں بجلی گھریلو و صنعتی صارفین کی بڑھتی ضروریات اور اصلاحات پر توجہ نہ دی گئی، پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کے پوٹینشل سے استفادہ نہ کیا جا سکا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ بین الاقوامی ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے تجاویز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ماہرین کو اصلاحاتی عمل پر عملدرآمد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے۔