ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ساڑھے 9 روپے کا اضافہ کر دیا گیا

Published On 31 October,2020 10:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اوگرا نے عوام پر ایل پی جی بم گرا دیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ساڑھے نو روپے کا اضافہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عوام پر اوگرا نے ایک مہنگائی کا بم گرا دیا، مسلسل مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ساڑھے 9 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر 114 روپے مہنگا کردیا گیا۔

اوگرا کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 129 روپے 68 پیسے فی کلو ہو گئی ہے، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1530 روپے مقرر کر دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق نومبر کیلئے ہو گا۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1416 روپے مقرر تھی

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 57 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی

اس سے قبل ملک بھر میں آئندہ ماہ کے پہلے پندرہ روز کے دوران پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 57 پیسے فی لٹر کی کمی کر دی گئی۔ جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 102 روپے 40 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 84 پیسے کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 103 روپے 22 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے پر برقرار رہے گی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62.86 روپے پر برقرار رہے گی۔

Advertisement