کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں گیس بحران آئندہ سالوں میں سنگین ہونے کا خدشہ ہے، اوگرا نے خطرے کی گھنٹی بجادی، 10 سال میں ملک کا گیس شارٹ فال5ہزار 389 ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھنے کا تخمینہ لگایاگیاہے۔ اوگرا نے مقامی گیس پیداوار کو ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی قراردےدیا۔
اوگرا نے اسٹیٹ آف ریگولیٹڈ پٹرولیم انڈسٹری رپورٹ 2018-19 جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیندہ دس سال کے دوران گیس کی طلب میں اضافہ اور گیس کی فراہمی میں ہر گزرتے سال کے ساتھ کمی ہوتی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گیس شارٹ فال 1440 ایم ایم سی ڈی سے بڑھ کر 2025 میں 3 ہزار 684 ایم ایم سی ایف ڈی اور 2030 میں 5 ہزار 389 ایم ایم سی ایف ڈی ہوجائے گا۔
اوگرا رپورٹ کے مطابق 2024 میں ملک میں گیس طلب 5 ہزار 332 ایم ایم سی ایف ڈی اور 2030 تک 6 ہزار 937 ایم ایم سی ایف ڈی ہوجائے گی اوگرا نے گیس کی مقامی پیداوار کو ضروریات کیلئے ناکافی قرار دیدیا ہے۔ گیس کی فراہمی میں درآمدی ایل این جی کا حصہ 21 فیصد تک بڑھ گیا۔
رپورٹ کے مطابق گیس کی فراہمی میں سندھ کا حصہ 46,کے پی 12,بلوچستان11 اور پنجاب کا حصہ 3 فیصد ہے، بجلی کا شعبہ,گھریلو صارفین,فرٹیلایزر,کیپٹو پاور اور انڈسٹری کی جانب سے گیس طلب میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گیس کمپنیوں نے گذشتہ پانچ سال کے دوران مجموعی طور پندرہ لاکھ گیس صارفین کا اضافہ کیا-پانچ سال کے دوران سالانہ تین لاکھ گیس صارفین کا اضافہ ہوتا رہا