کراچی: بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے شہریوں کو گیس سے محروم کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 09 July,2020 11:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے شہریوں کو گیس سے محروم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جمعہ سے اتوار تک سی این جی سٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل رے گی، یہ سپلائی کے الیکٹرک کو دی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے الیکڑک کو گیس دینے کی وجہ سے جمعہ سے اتوار تک سی این جی سٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک اور عوامی مسائل کا حل ممکن بنایا جائے، وزیراعظم کی گورنر سندھ کو ہدایت

جمعے کی صبح 8 بجے سے لے کر اتوار کی صبج 8 بجے تک سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی منقطع رہے گی جبکہ جمعے سے اتوار تک صنعتوں میں چلنے والے کیپٹو پاور پلانٹس کو بھی گیس کی سپلائی بند رکھی جائیگی۔

صنعتوں کو گیس کی فراہمی پیر سے دوبارہ شروع ہوگی۔ ایس ایس جی سی یہ گیس کے الیکڑک کو دیگا تا کہ شہر میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔

ادھر صنعتکاروں نے کراچی کی صنعتوں کی بجلی کے بعد گیس بھی بند کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صنعتیں بند کرنا چاہتی ہے تو بتا دے۔ صنعتوں میں گیس لوڈشیڈنگ کرنے کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔ اس سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔
 

Advertisement