گیس بحران میں ایل پی جی مافیا بے لگام، 155 کی بجائے 190 روپے کلو تک فروخت

Last Updated On 05 January,2020 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گیس بحران سے شہری پریشان ہو گئے، بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی تو کہیں گیس دستیاب ہی نہیں، ایل پی جی مافیا بھی بے لگام ہو گیا، سرکاری قیمت ایک سو پچپن روپے کلو مقرر ہے جبکہ منافع خور ایک سو نوے روپے کلو تک فروخت کر رہے ہیں، من مانی قیمتوں پر صارفین بلبلا اٹھے۔

موسم سرما میں گیس بحران نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ گیس پریشر میں کمی اور گیس کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے درد سر بن گئی۔

لاہور کے مختلف علاقوں کی طرح مال روڈ ایم پی اے ہاسٹل کے گردو نواح میں گیس نہ ہونے کے برابر ہے۔ خواتین کو چائے بنانے کے لیے بھی گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک سال سے گیس سے محروم ہیں، بچے ہوں یا گھر کے مرد سبھی ناشتے کے بغیر ہی گھروں سے روانہ ہوتے ہیں۔

ایک طرف گیس بحران، دوسری جانب ایل پی جی مافیا بے لگام ہو گیا۔ ایل پی جی مافیا نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا۔ گیس کی سرکاری قیمت نظر انداز، 155 روپے کے بجائے 160سے 190 روپے فی کلو فروخت کرنے لگے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے جینا محال کر دیا، مہنگی ایل پی جی سے گھریلو صارفین اور ٹرانسپورٹرز دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔ لاہور میں ایل پی جی مافیا من مانے ریٹ وصول کر رہا ہے جبکہ نرخوں پر عملدرآمد کے لیے سرکاری مشینری کہیں بھی متحرک نہیں۔
 

Advertisement