اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں ملک بھر میں گیس کی عدم دستیابی پر اراکین پھٹ پڑے۔ کمیٹی کے ممبران کا کہنا ہے گھروں میں ناشتہ بنانے کیلئے بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی۔
رکن کمیٹی آغا رفیع اللہ نے اجلاس میں بتایا کہ کراچی میں گیس کی صورتحال بہت سنگین ہے۔ ناشتے اور کھانے کیلئے گیس دستیاب نہیں ہے۔ نور عالم خان نے کہا کہ پشاور میں بھی گیس نہیں ملتی۔ اب عوام کسی کے پتلے جلاتے ہیں تو جلائیں، عوام کو ان کا حق دیا جائے۔
چیئرپرسن اوگرا نے کمیٹی کو بتایا کہ سوئی ناردرن کو ان کی درخواست پر ساڑھے 3 لاکھ گیس کنکشن کی اجازت دی ہے۔