فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے گھریلو صارفین مشکلات کا شکار بن گئے۔ گیس میسر نہ آنے سے خواتین لکڑیوں کی آگ پر کھانا تیار کرنے پر مجبور ہیں۔
فیصل آباد میں گیس کی بندش اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شدت اختیار کر گئی۔ گیس میسر نہ آنے سے چولہے ٹھنڈے ہوئے تو خواتین کھانا تیار کرنے کیلئے لکڑیوں کی آگ جلانے پر مجبور ہو گئیں۔ خواتین کہتی ہیں کہ گیس غائب ہونے کے ساتھ ہی لکڑیوں اور ایل پی جی سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتیں بھی بڑھادی گئی ہیں۔
شہری کہتے ہیں کہ ہرسال پیش آنے والے گیس بحران کے خاتمہ کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اُٹھائے جاتے۔ گیس کی بندش کے باعث کھانا بروقت تیار نہ ہونے سے شہری بغیر ناشتہ کئے ہی کام کاج پر روانہ ہوجاتے ہیں۔
شہری مطالبہ کرتے ہیں کہ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے کاغذی کاروائیوں کی بجائے حقیقی اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ انہیں درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔