فیصل آباد: گیس نہ آنے پر خواتین کا احتجاج، سڑک بلاک کر دی

Last Updated On 21 December,2019 09:20 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس غائب گئی، گیس نہ ملنے پر شہریوں نے احتجاج کر کے سڑک بلاک کر دی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ہاتھوں میں توے اور چمٹے اٹھائے خواتین نے احتجاج کیا، جہاں پر سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔

ڈی ٹائپ کالونی، محمد علی ٹاؤن اور ذوالفقار کالونی کے مکینوں نے گیس کی بندش کے خلاف سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر کے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

احتجاج میں خواتین کے علاوہ مردوں اور بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ جن کا کہنا تھا کہ ایک طرف موسم کی شدت تو دوسری جانب گیس کی بندش نے زندگی اجیرن کررکھی ہے، حکومتی سیاسی نمائندے بات سنتے ہیں اور نہ ہی سوئی گیس حکام والے بات سنتے ہیں۔

گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے ٹیکسٹائل کنگ میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے انڈسٹری بند اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔
 

Advertisement