اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی طرف سے ابھی تک صارفین کے لئے گیس کی قیمت مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اوگرا آرڈیننس کے تحت اتھارٹی گیس صارفین کے لیے قیمت مقرر کرنے کی تجویز دے سکتی ہے۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا لائسنس کے تحت گیس کمپنیاں، قدرتی گیس کی ترسیل، تقسیم اور فروخت کرنے کی مجاز ہیں۔ اوگرا آرڈیننس 2002ء اور لائسنس کی شرط نمبر 5 کے تحت اوگرا کو نرخ مقرر کرنے اور کُل سالانہ منافع کا تعین کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
ترجمان کے مطابق گیس کمپنیاں مالی سال کے شروع ہونے سے پہلے اوگرا میں اس سلسلے میں پٹیشن فائل کرتی ہیں۔ اوگرا پٹیشن کی جانچ پڑتال کر کے اس ضمن میں عوامی رجحانات لینے کا مجاز ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تمام کیٹگریز کے صارفین کے لیے گیس کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ اوگرا کی طرف سے گیس کمپنیوں کے مطلوبہ منافع کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
اوگرا آرڈیننس سیکشن (3)8 کے تحت گیس کنزیومر سیل کے نرخ مقرر کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت، ای سی سی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کر سکتی ہے۔