لاہور: (دنیا نیوز) گیس بحران نے ایک بار پھر سراٹھا لیا۔ پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کیساتھ بجلی گھروں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی، گیس نہ ملنے سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار میگاواٹ سے زائد کم ہوگئی۔
ایل این جی شپ کو برتھ نہ ملی، لنگرانداز نہ ہونے پر گیس کی فراہمی متاثر ہوئی، گیس بحران کی وجہ سے مختلف پاور پلانٹس کو 320 جبکہ سی این جی سیکٹر کو 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بند کر دی گئی ہے۔
پاور پلانٹس بند ہونے سے 3 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم سے نکل گئی جبکہ صوبے میں سی این جی بھی دستیاب نہیں۔ ترجمان سوئی نادرن کے مطابق موسمی حالات ٹھیک نہ ہوئے تو کارگو کا لنگر انداز ہونا مشکل ہے۔
گیس بحران سے جہاں گھریلوصارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہیں صنعتی شہر فیصل آباد میں بیشتر صنعتیں بھی بند ہوگئیں، بے روزگار ہونے والے مزدور سخت اذیت سے دوچار ہیں۔