سوئی گیس کے اضافی بلوں کی تحقیقات، وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی

Last Updated On 04 February,2019 11:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوئی گیس کے اضافی بلوں پر وزیراعظم عمران خان نے تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی تیس دن کے گیس بلنگ طریقہ کار جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی، کمیٹی کے لیے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گھریلو صارفین کے بلوں میں یکدم کئی گنا اضافہ پر عوامی ردعمل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن شیر افگن خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی تیس دن کے گیس بلنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔ گیس کے نرخ، سلیب سسٹم، میٹر ریڈنگ اور بلوں کی ترسیل کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی ان اسباب پر بھی غور کرے گی جو صارفین کے بلوں میں غیر ضروری اضافے کا باعث بنے ہیں۔ کمیٹی تحقیقات کی روشنی میں بلوں کے نظام میں بہتری کی سفارشارت کرے گی۔
 

Advertisement