کراچی: (دنیا نیوز) صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی یقین دہانی کے باوجود ایس ایس جی سی صنعتوں کو گیس فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ صنعتوں کو گیس فراہم نہ کی تو آئندہ ہفتے سے کارخانوں کو تالے لگا دیے جائینگے۔
سائٹ انڈسٹریل ایریا اور دیگر صنعتی زونز میں گزشتہ دو ہفتوں سے گیس کی آنکھ مچولی کے سبب متعدد صنعتیں بند ہو چکی ہیں جس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں بند ہونے سے نہ صرف مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں بلکہ ایکسپورٹ آرڈر کی بروقت تکمیل بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر پیر سے تمام کارخانے بند کر کے گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔