اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے ملک بھر کے سی این جی سٹیشنز پر جلد گیس بحال کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کر رہے ہیں اور جلد ہی کسی بھی وقت بند علاقوں میں گیس سپلائی بحال ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سی این جی کے تمام جائز مسائل حل کریں گے تا کہ اس کی فروخت کو بڑھا کا تیل کی درآمدات کو کم کیا جائے۔ غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ملک بھر کا دورہ کر کے گیس استعمال کرنے والے تمام شعبوں سے مشاورت کریں گے۔