کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گیس بحران سے عوام کو بلا آخر چھٹکارا مل گیا، سی این جی اسٹیشنز کے تالے کھل گئے، اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کے لمبی قطاریں لگ گئی ہیں.
کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے سی این جی سیکٹر کو رات 8 بجے گیس کی فراہمی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کے مسائل جاننے کیلئے متعلقہ اداروں کا دورہ کیا، گیس پیداوار میں اچانک کمی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ گیس سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر پٹرولیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے 72 گھنٹے میں رپورٹ مانگی ہے، انکوائری کرنے والی کمیٹی میں ساری چیزیں سامنے آ جائیں گی، انکوائری کمیٹی میں میرا نام شامل نہیں ہے، پروڈکشن کم ہونے سے سب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ سندھ بھر میں گیس کے بحران سے شہر قائد کے باسی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، مسلسل سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے بڑی بسیں، منی بسیں اور رکشے بھی سڑکوں سے غائب رہے جس کے باعث نہ صرف اس ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے پریشان رہے بلکہ سی این جی اسٹیشنز پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ورکرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔