اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کمیٹی نے ایم ڈی سوئی سدرن اور ناردرن گیس کو بحران کے ذمہ دارقرار دیتے ہوئے دونوں کو فوری برطرف کرنے کی سفارش کر دی، رپورٹ وزیراعظم کو پیش، برطرفی کا نوٹی فکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی ہے جس میں سوئی ناردرن اور سدرن گیس کے ایم ڈیز کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی نے دونوں ایم ڈیز کی فوری برطرفی کی سفارش کرتے ہوئے ان کی برطرفی کی سفارشات وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی ہیں۔ دونوں ایم ڈیز کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن اسد حیا الدین کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔
دوسری جانب کابینہ کمیٹی برائے انرجی کے اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ غیر قانونی گیس کمپریسرز استعمال کرنے کے جرم میں پانچ ہزار کنکشن منقطع کیے جا چکے ہیں۔
اس وقت سسٹم سے بارہ سے تیرہ فیصد گیس چوری ہو رہی ہے جبکہ گیس کے شعبے میں سالانہ نقصانات تقریبا پچاس ارب روپے ہیں۔ نومبرمیں بجلی چوری کے خلاف مہم میں ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 16000 مقدمات بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسی کی چوری یا بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں، یہ ناقابلِ قبول ہے۔ آئندہ ایک ہفتے میں گیس کی کمی کو پورا اور بجلی چوروں کے خلاف مہم مزید تیز کی جائے جبکہ توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتظامی مسائل بھی فوری حل کیے جائیں۔