کراچی: (دنیا نیوز) سرد موسم میں کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، خواتین گھروں میں لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، مگر گیس کے دور دور تک کوئی آثار نہیں۔
کورنگی کے علاقے میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے لیکن ضرورت ایجاد کی ماں ہوتی ہے غریب مکینوں نے قدیم طرز کا طریقہ اپنا لیا، کسی نے انگیٹھی تیار کی، کسی نے جہلم سے تندور منگوایا تو کسی نے لکڑیاں جلائیں۔
ادھر سائیٹ انڈسٹریل ایریا اور دیگر صنعتی زونز میں گزشتہ دو ہفتوں سے گیس کی آنکھ مچولی کے سبب متعدد صنعتیں بند ہوچکی ہیں جس سے ملکی معیشیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں بند ہونے سے نہ صرف مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں بلکہ ایکسپورٹ آرڈر کی بر وقت تکمیل بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
سائیٹ ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائے بصورت دیگر پیر سے تمام کارخانے بند کر کے گورنر ہاوس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔