حکومت کا گیس سیس پر ایمنسٹی سکیم لانے کا فیصلہ

Last Updated On 07 February,2019 11:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے گیس سیس پر ایمنسٹی سکیم لانے کا فیصلہ کر لیا۔ کھاد انڈسٹری، کے الیکٹرک، آئی پی پیز، کیپٹو پاور، سی این جی سیکٹر اور جنرل انڈسٹری کو گیس سیس پر دو سو پندرہ ارب روپے کی چھوٹ دی جائے گی۔

سرکاری دستاویز کے مطابق کھاد کی صنعت، کے الیکٹرک، آئی پی پیز، جنکوز، سی این جی سیکٹر اور جنرل انڈسٹری نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں حکومت چار سو سولہ ارب ادا کرنے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق اس ایمنسٹی سکیم کے تحت واجبات کی پچاس فیصد ادائیگی پر ان سیکٹرز کے بقایا پچاس فیصد واجبات معاف کر دیے جائیں گے۔

دستاویز کے مطابق فرٹیلائزر سیکٹر کے 68 ارب، سی این جی سیکٹر کے 48 ارب، کرائے کے بجلی گھروں کے 46 ارب، کے الیکٹرک اور جینکوز کے 28 ارب 50 کروڑ، جنرل انڈسٹری کے 21 ارب اور آئی پی پیز کے 3 ارب 50 کروڑ معاف کیے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے یہ چھوٹ یکم جنوری دو ہزار بارہ سے اکتیس دسمبر دو ہزار اٹھارہ کے واجب الادا سیس پر دی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق جی آئی ڈی سی کا کل حجم سات سو ایک ارب پچاس کروڑ روپے ہے جس میں سے حکومت کو دو سو پچاسی ارب بیس کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں اور بقیہ چار سو سولہ ارب روپے کی وصولی کے لیے حکومت کی جانب سے ایمنسٹی سکیم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


 

Advertisement