کراچی: (دنیا نیوز) سی این جی کی بندش نے سندھ میں عوام کی زندگی عذاب بنا دی، اب گیس سٹیشن کل صبح کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، گاڑیاں سڑکوں سے غائب ہوئیں تو لوگ پیدل سفر پر مجبور ہوگئے۔
کراچی میں گیس بحران نے ایک بار پھر سر اٹھالیا، وزیراعظم عمران خان کی یقین دہانی کے باوجود ایس ایس جی سی صنعتوں کو گیس فراہم کرنے میں ناکام ہے، جس کی وجہ سے شہر کی کئی صنعتوں کو تالے لگ گئے۔ سائیٹ انڈسٹریل ایریا اور دیگر صنعتی زونز میں گزشتہ 3 روزسے گیس کی آنکھ مچولی کے سبب متعدد صنعتیں بند ہوگئی جس سے ملکی معیشیت پر منفی اثرات مرتب ہونے لگے۔
صنعتکاروں کے مطابق فیکٹریاں بند ہونے سے نہ صرف مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں بلکہ ایکسپورٹ آرڈر کی بر وقت تکمیل بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ ملک بھر کی مجموعی برآمدات میں 52 فیصد حصہ کراچی کی صنعتوں کا ہے، ایسے میں شہر کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی معطل کرنا حکومتی کارکردگی پر کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔