اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں گیس بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کیساتھ بجلی گھروں کو بھی گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی۔ گیس نہ ملنے سے بجلی کی پیداوار میں بھی 1600 سو میگاواٹ تک کمی ہوئی ہے۔
گیس بحران کی وجہ سے مختلف پاور پلانٹس کو 320 جبکہ سی این جی سیکٹر کو 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بند کر دی گئی ہے۔ بجلی گھروں کو گیس نہ ملنے سے پیداوار میں 1600 میگاواٹ کی کمی ہوئی ہے جبکہ صوبے میں سی این جی بھی دستیاب نہیں ہے۔
فرٹیلائزر کے شعبے کو 70 جبکہ برآمدی صنعتوں کو 220 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی ہے۔ ایل این جی گارگو بروقت نہ پہنچنے سے جاری گیس شارٹ فال میں مزید 220 ایم ایم سی ایف ڈی اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ گیس معطلی سے بجلی کی پیداوار میں ہونے والی کمی کو ہائیڈل اور فرنس آئل سے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔