اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گیس صارفین سے اووربلنگ کے ذریعے وصول کئے گئے اڑھائی ارب روپے واپس کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ پانچ سال میں زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں لائیو سٹاک اور فشریز کی ترقی کے لئے اقدامات کی ہدایت اور کوکنگ آئل کے کم سے کم استعمال کی آگہی مہم چلانے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گیس کی اووربلنگ کا معاملہ 2016ء سے چل رہا ہے، مگر پکڑا اب گیا ہے۔ کابینہ نے اڑھائی ارب روپے شہریوں کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر خزانہ سے اختلافات کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اسد عمر سے ان کی لڑائی نہیں، بس ایک مسئلے پر معمولی بات ہوئی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نوجوت سنگھ سدھو کی درخواست پر بابا گرونانک کے زیر کاشت 30 ایکڑ رقبے کوئی تعمیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ زیراعظم نے تمام وزارتوں کو قابل فروخت پراپرٹی کی لسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔