مقامی تیل اور گیس کی یومیہ پیداوار میں کمی

Last Updated On 14 February,2019 12:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایک ماہ کے دوران مقامی تیل کی یومیہ پیداوار 2 ہزار 300 بیرل جبکہ گیس کی یومیہ پیداوار 10 کروڑ مکعب فٹ تک کم ہو گئی۔

ملک میں گیس و تیل کی پیداوار میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور تیل و گیس کے نئے کنووں کی تلاش کا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پرانے تیل و گیس کے کنووں سے پیداور میں کمی آنا شروع ہوچکی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ کے دوران مقامی گیس کی یومیہ پیداوار 10 کروڑ مکعب فٹ کمی کے بعد 3 ارب 75 کروڑ معکب فٹ تک پہنچ گئی جبکہ ملک کی یومیہ گیس کی طلب 7 ارب مکعب فٹ ہے، گیس کی قلت کو پورا کرنے کی خاطر ایل این جی درآمد کی جارہی ہے۔

دوسری جانب گیس کے ساتھ ساتھ تیل کی پیداوار میں بھی مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، تیل کی یومیہ پیداوار 2 ہزار 300 بیرول کمی کے بعد 92 ہزار 347 بیرل ہو چکی ہے۔

حکومتی ادارے پاکستان پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ کے مطابق ایک ماہ میں ماڑی گیس فیلڈ کی یومیہ پیداوار میں 7 کروڑ مکعب فٹ کی کمی جبکہ پاکستان آئل فیلڈ کی یومیہ تیل کی پیداوار 570 بیرل گھٹ گئی ہے۔


،،
 

Advertisement