گیس چوری کی روک تھام، ہر ریجن میں پولیس سٹیشن کے قیام پر غور

Last Updated On 25 February,2019 06:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ گیس لاسز سے 48 بلین کا سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔ کمپنی 157 ارب خسارے میں ہے۔ گیس چوری روکنے کیلئے ہر ریجن میں پولیس سٹیشن کے قیام پر بھی غور کر رہے ہیں۔

وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 11 فیصد سوئی ناردرن اور 13 فیصد سوئی سدرن میں گیس لاسز ہے، اڑھتالیس بلین کا سالانہ نقصان ہو رہا ہے جو کہ بہت پریشان کن ہے۔ اوگرا ریگولیٹری اتھارٹی ہے، اس نے دونوں کمپنیوں کو 7 فیصد کا ٹارگٹ دیا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ گیس کا ضیاع روکنے کیلئے بلوچستان اور خیبر پختونخوا حکومتوں سے بات ہوئی ہے۔ چوری کے حوالے سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ہر ریجن میں اپنا ایک پولیس سٹیشن بنانے کے حوالے سے غور کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت کو بڑھانے کی وجہ کمپنی 157 ارب خسارے میں ہیں، نہیں چاہتے کہ یہ کمپنی بھی سٹیل مل اور پی آئی اے کی طرح ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں 143 فیصد اضافہ سے صرف 5 فیصد لوگ متاثر ہونگے۔ گیس کی قیمت میں 10 فیصد افافے سے 85 فیصد عوام متاثر ہوگی۔ سلیپ ریٹ میں تبدیلی کے باعث عوام کو زیادہ بل آ رہے ہیں، اس حوالے سے انکوائری جاری ہے۔ ماہ کے اختتام تک تمام انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی جائیں گی۔
 

Advertisement