گیس بل: وزیراعظم کی صارفین کو اضافی رقم واپس کرنے کی ہدایت

Last Updated On 26 February,2019 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس کے اضافی بلوں کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 30 فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔ وزیراعظم نے صارفین کو اضافی رقم واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں گیس بلوں کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ انھیں پیش کی گئی۔ رپورٹ میں 30 فیصد صارفین کو اضافی گیس بل بھیجنے کا انکشاف ہوا۔ وزیراعظم نے گیس صارفین کو اضافی رقم فوری واپس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، سیکرٹری پٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کے حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ صارفین کو اضافی بل واپس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں معاملے کی مزید تحقیقات کی جائیں تا کہ تمام حقائق سامنے آئیں۔ وزیراعطم نے کہا کہ گیس کے اضافی بلوں کے حوالے سے تمام تفصیلات سے بھی عوام کو آگاہ رکھا جائے۔ واضح رہے کہ گھریلو صارفین کے جنوری کے گیس بلوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
 

Advertisement