اوگرا نے مستقبل میں گیس کی صورتحال کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا دی

Last Updated On 07 April,2019 06:32 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) مستقبل میں گیس کی صورتحال سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سال میں گیس شارٹ فال میں مزیدایک ہزاردو سو ایم ایم سی ایف ڈی تک اضافے کا خدشہ ظاہرہے۔

اوگرا نے سالانہ اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ میں گیس کی طلب ورسد کے حوالے سے آئندہ سال اہم قراردیا ہے، چار برسوں میں شارٹ فال 1 ہزار 200 کے اضافے کے ساتھ ساڑھے 4 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر جانے کا خدشہ ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 23-2022 تک ملک میں گیس کی طلب و رسد کا فرق 4 ہزار 600 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائے گا جبکہ 28-2027 تک یہ فرق 6 ہزار700 ایم ایم سی ایف ڈی تک ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چارسال کے دوران گیس کی طلب 7 ہزار244 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جائےگی، آئندہ مالی سال سے ایران سے 450 ایم ایم سی ایف ڈی اور ٹاپی منصوبے سے 500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کا تخمینہ ہے۔ جب کہ ایل این جی فراہمی میں 600 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ہوگا۔

ملک میں اس وقت گیس کی طلب 6 ہزار917 اور فراہمی 3 ہزار 509ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ گیس کا شارٹ فال 3 ہزار 400 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔
 

Advertisement