گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

Last Updated On 26 June,2019 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کیلئے بہت بری خبر، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دیدی، حکومت کو 500 ارب روپے سے زیادہ ریونیو ملے گا، دسمبر میں قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گیس کے گھریلو صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دیگر تمام کیٹیگریز کیلئے گیس کی قیمتوں میں 31 فیصد سے زیادہ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

گیس کی قیمتوں میں اضافہ بین القوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط میں شامل تھا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو 500 ارب روپے سے زیادہ ریونیو حاصل ہوگا۔ حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سعودی عرب سے ادھار تیل کے طریقہ کار کی بھی منظوری دیدی ہے، یہ سہولت یکم جولائی سے شروع ہو جائے گی، اس پر پیپرا رولز کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان جیمز جیولری کمپنی کو ضمنی گرانٹس فراہم کرنے کی سمری بھی منظور کر لی گئی۔
 

Advertisement