پشاور میں سردی کے آغاز سے ہی سوئی گیس غائب، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

Published On 17 November,2020 11:18 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سردی کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی گیس غائب ہو گئی، نصف سے زائد شہر میں گیس پریشر کی کمی کے مسائل بھی بڑھ گئے، شہریوں سمیت کاروباری افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ہر سال سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے مسائل بڑھ جاتے ہیں، پشاور کے اندرون شہر سمیت نصف سے زائد شہر میں کم پریشر کے مسائل نے شہریوں کو پریشان کردیا۔

پشاور کے مختلف علاقوں کریم پورہ، رام پورہ، اشرف روڈ، اشرفیہ کالونی، فقیر آباد، افغان کالونی، ہشت نگری اور مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی اب چند گھنٹوں کے لیے رہ گئی ہے، شہریوں کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھںٹوں تک پہنچ گیا ہے، کاروباری افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

صبح کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی سے گھروں میں خواتین کو بھی مسائل کا سامنا ہے جبکہ نانبائیوں کی جانب سے بھی لکڑی کا استعمال شروع کردیا گیا ہے۔
 

Advertisement