کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کےعلاقے لائنز ایریا میں گیس بحران سنگین ہو گیا، گھروں کے چولہے بجھ گئے۔ مکینوں نے لکڑیوں اور سلنڈرز سے گزارا کرنا شروع کردیا۔
کراچی میں گیس بحران سے شہری پریشان، مجبوری میں لکڑیوں اور سلنڈرز کا استعمال کرنے لگے۔ کراچی کے لائنز ایریا میں گیس بحران نے مکینوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
لائنز ایریا کے مکین سلنڈر اور لکڑیوں پر کھانا پکا رہے ہیں، کہتے ہیں آئے روز ہوٹل کا کھانا ان کے بجٹ پر بھاری پڑ جاتا ہے۔ سردیاں بھرپور طریقے سے آئی بھی نہیں لیکن مسائل پہلے ہی سر اٹھانے لگے۔ سوئی سدرن حکام دعوی کرتے ہیں کہ صارفین کو بلا تعطل گیس مہیا کی جارہی ہیں لیکن علاقے کی صورتحال دعووں کی نفی کرتی دکھائی دی۔
بلوں کی ادائیگی کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صرف لائنزایریا ہی نہیں بلکہ فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں گیس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔