جامشورو: (دنیا نیوز) فیض محمد گوٹھ میں اسہال اور گیسٹرو کی وبا پھیل گئی، 10 روز میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں خاتون، نوجوان اور کئی بچے شامل ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹرز نے 7 اموات کی تصدیق کی ہے۔
متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، علاقے میں طبی سہولیات ناکافی، صرف ایک ڈسپنسری موجود ہے، متاثرہ خاندانوں کو ایمبولینس کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اموات کی وجہ آلودہ پانی ہے، لیاقت یونیورسٹی کے پانی کے ٹیسٹ میں پانی ناقابل استعمال قرار دیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر طبی ٹیمیں روانہ کر دیں۔
ماہرین صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ابال کر پانی پئیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔



