ڈاکوؤں کیلئے پالیسی واضح، عام معافی نہیں، مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا: وزیر داخلہ سندھ

Published On 25 October,2025 07:42 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ حکومت کی ڈاکوؤں کے سرینڈر پالیسی بالکل واضح ہے، یہ عام معافی نہیں، مقدمات میں عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن نے کہا کہ گھوٹکی میں قبائلی تنازعات ختم کرانے کے لیے سرداروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو ڈاکو سرینڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شکارپور، کشمور اور کندھکوٹ میں آپریشن جاری ہے، گھوٹکی میں بھی بڑے پیمانے پر آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ کچے کی زمین کسی کمپنی یا فرد کو نہیں دی جائے گی، یہ جنگلات کے محکمے اور مقامی رہائشیوں کی ملکیت ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید صحافی جان محمد مہر کا مرکزی قاتل مارا جا چکا ہے، نصراللہ گڈاڻي کے ملزمان عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

ضیا لنجار نے سندھ بار کونسل کے انتخابات میں پروگریسو پینل کے امیدواروں کی حمایت کرتے ہوئے وکلا سے زیادہ سے زیادہ ووٹ دینے کی اپیل کی۔