کراچی: (دنیا نیوز) سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث سندھ اسمبلی کے نشست خالی ہونے کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 9 شکارپور III کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا۔
اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق امیدوار 3 سے 5 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں، امیدواران کی ابتدائی فہرست 6 نومبر کو شائع کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 نومبر کو ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف 15 نومبر تک ٹریبونل سے رجوع کیا جاسکے گا، ٹریبونل 22 نومبر تک تمام اپیلوں پر فیصلے سنائیں گے، کاغذات نامزدگی کی حتمی فہرست 23 نومبر کو جاری کی جائیگی۔
کاغذات نامزدگی 24 نومبر تک واپس لئے جاسکتے ہیں، 25 نومبر کو امیدواروں کو نشان الاٹ کر دیئے جائیں گے، حلقے میں پولنگ کا عمل 14 دسمبر کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کا تقرر بھی کردیا۔
ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ عبدالواحد بلوچ ڈی آر او کے فرائض انجام دینگے، اسسٹنٹ کمشنر گڑھی یاسین انور حسین خاصخیلی ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دینگے۔



