رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی کے ایک ہزار 150 سے زائد کیسز سامنے آ گئے

Published On 28 September,2021 09:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں کمی آئی تو ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہونے لگا۔ رواں سال پنجاب بھر میں ایک ہزار 150سے زائد کیسز سامنے آ گئے۔ طبی ماہرین نے صورت حال سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماضی کی نسبت پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح کم ہو کر 4.5 اور لاہور میں 7.9 فیصد تک نیچے آچکی ہے۔ صورت حال میں بہتری کے باوجود احتیاط نہ کرنے کی صورت میں کورونا کی پانچویں لہر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا رہا۔

کورونا کیسز میں کمی کے ساتھ ہی دوسری طرف ڈینگی کا عفریت پھر تیزی سےسر اُٹھانے لگا ہے۔ رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 1150 اور لاہور میں 930 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔ اِن میں سے بیشتر کیسز گذشتہ چار دنوں کے دوران رپورٹ ہوئے ہیں جسے خطرناک صورت حال قرار دیا جارہا ہے۔

ضروری ہے کہ کورونا کی طرح ڈینگی سے بچاؤ کے لیے بھی ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
 

Advertisement