حکومت کا گھر گھر جا کر کورونا ویکسین لگانے کا اعلان

Published On 01 February,2022 04:35 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث حکومت نے گھر گھر جا کر ویکسین لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی ) کے سربراہ نے کہا کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن ضروری ہے، 55 ہزارٹیمیں گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کریں گی، کورونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے ، عوام کی بڑی تعداد بوسٹر ڈوز لگواچکی، بوسٹر ڈوز لگوانے والے افراد کو کورونا ہونے کے باوجود کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ 18 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ، ویکسی نیشن کرانے والےعلاقوں میں کورونا میں مبتلا ہونیوالے افراد کو کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا، وہ علاقے جہاں ویکسی نیشن زیادہ ہوئی تھی وہاں کورونا کے کیسز کم سامنےآئے، ابھی بھی سارے پاکستانیوں نے کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائی،ویکسین مفت لگائی جارہی ہے اور عوام ہرصورت ویکسی نیشن کرائیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا بوسٹر ڈوز سے قوت مدافعت بڑھے گی، 25 لاکھ افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے، کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز بھی مفت لگائی جارہی ہے، عوام کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوزلازمی لگوائیں، 55 ہزارٹیمیں ویکسین کی خصوصی مہم میں حصہ لے رہی ہیں اور کورونا سے جان چھڑانے کا واحد حل ویکسی نیشن ہے۔
 

Advertisement