کینیڈا، فرانس اور آسٹریا میں ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

Published On 30 January,2022 09:08 pm

اوٹاوا :(دنیا نیوز) کینیڈا، فرانس اور آسٹریا میں ہزاروں شہریوں نے کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مغربی دنیا میں کورونا ویکسین کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ، کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ہزاروں ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کیا، وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو خاندان سمیت خفیہ مقام پر منتقل ہوگئے ، ملک بھر سے ہزاروں کنٹینرز اور ٹرک کینیڈین پارلیمنٹ کے باہر پہنچے اور ویکسین لازمی قرار دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ کینیڈین حکومت نے سرحد پار سے آنے والے ٹرانسپورٹرز پر کوروناویکسین لگوانا لازمی قرار دیا تھا۔

ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کئی ہزار افراد نے مظاہرہ کیا، حکومت نے 24 جنوری سے ویکسین پاس پالیسی کا نفا ذکیا تھا جسکے تحت ویکسین پاس نہ رکھنے والوں پر عوامی مقامات پر داخلے پر پابندی ہوگی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدام معاشرے میں تفریق کا باعث بن رہی ہے۔

دوسری جانب آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں 10 ہزار سے زائد افراد نے احتجاج کیا، حکومت سے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ نے قانون سازی کے ذریعہ یکم فروری سے ویکسین لگوانے کو لازمی قرار دیا۔
 

Advertisement