اسلام آباد:(دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم ، صحت کےحکام سے مل کر اسکولوں کی بندش کا تعین کریں گے۔
این سی او سی کے مطابق 12 سال سے زائدعمرکے طلبا کو ویکسین لگانے کی مہم چلائی جائے، اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں 2 ہفتوں کیلئے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں ۔
این سی او سی کے مطابق ٹیسٹنگ کا مقصد ان شہروں کے طلبا کا کورونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگانا تھا ، ڈیٹا سے ویکسینیشن لیولز اور انفیکشن ریٹ کا تعلق سامنے آیا ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق ویکسینیشن اور کورونا کے پھیلاؤ کا گہرا تعلق ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے مزید 12 تعلیمی اداروں میں 50 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیاء کی جانب سے کورونا مثبت کیسز والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے لیے انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق کورونا کیس رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کیاجائے، متعلقہ تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے ، ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد کے 35 تعلیمی اداروں میں کورونا کے ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ۔
کورونا سے مزید 23 افراد جاں بحق، سات ہزار 678 نئے مریض سامنے آ گئے
ملک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 65 ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 57 ہزار 935 ہے۔ ملک میں 13 لاکھ 53 ہزار 479 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 66 ہزار 479 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سات ہزار 678 نئے مریض سامنے آئے، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ نو تین ریکارڈ کی گئی۔
کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 16 ہزار 874 ،پنجاب 4 لاکھ 58 ہزار 879 ، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 83 ہزار 403، بلوچستان میں 33 ہزار 812 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ 15 ہزار 47، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 467 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 997 ہو گئی ہے۔