لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے اسکولوں میں کل سے 50 فیصد حاضری کی شرط ختم کر دی گئی۔ لاہور میں کل سے تمام کلاسوں میں حاضری 100 فیصد ہوگی۔ سی ای او ایجوکیشن کے مطابق کورونا کی وجہ سے 15 فروری تک 50 فیصد حاضری کی پالیسی تھی۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مختلف سیکٹرز میں نافذ شدہ ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ایس او پیز پر نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ کم شرح والے علاقوں میں سینما، مزارات مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھلے رہیں گے۔ کم شرح والے علاقوں میں ان ڈور اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ ڈومیسٹک پروازوں پر کھانے اور اسنیکس پر پابندی برقرار رہے گی۔ ٹرینوں میں 80 فیصد، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائے گی۔
این سی او سی کے مطابق مظفر آباد، پشاور، حیدر آباد، گلگت، مردان اور کراچی میں ایس او پیز میں ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ دس فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔ انڈور اجتماع پر پابندی جبکہ آؤٹ ڈور 300 افراد کی اجازت ہوگی۔ کورونا 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں کیلئے اگلا جائزہ اجلاس 21 فروری کو ہوگا۔