ڈاکٹر فیصل سلطان کا دورہ پشاور، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا

Published On 25 February,2022 12:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا۔

 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے، معاون خصوصی نے صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کیساتھ پشاور میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال سمیت دیگر مختلف ہسپتالوں اور دیہی مراکز کا دورہ کیا اور ہسپتالوں میں دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پرنئے جدید مشینری سے آراستہ آپریشن تھیٹر، نئے قائم شدہ او پی ڈی اور جدید مشنیری سے لیس سی ایس ایس ڈی کا بھی دورہ کیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ایم ٹی آئیز آنے کے بعد ہسپتال خود مختار ہو گئے، مزید بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کرینگے، ایم ٹی آئیز ہسپتال قائم کرنے سے کافی بہتری آئی ہے۔

وزیرصحت تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں مزید بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کرینگے،عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے۔ 50سال پرانے ہسپتال کو جدید تقاضوں پر پورا کرنا ایک چیلنج تھا۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے ہسپتال میں مریضوں سے بھی بات چیت کی۔
 

Advertisement