نیویارک:(ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث رواں سال اب تک 10لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈ ہینوم گیبریسس نے جنیوا میں معمول کی بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ جینا سیکھ رہے ہیں کیونکہ کورونا وائرس سے صرف رواں سال اب تک 10 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس وبا کے آغاز کو اڑھائی سال ہو گئے ہیں اور اموات کو روکنے کے لیے تمام ضروری طریقہ کار اور آلات موجود ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر تمام ممالک کی حکومتوں پر زوردیا کہ وہ تمام ہیلتھ ورکرز، معمر افراد اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کی ویکسی نیشن کے لیے اقدامات کو فروغ دیں جو عالمی آبادی کا 70 فیصد ہیں، یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ ویکسی نیشن کی کم ترین شرح والے ممالک خاص طور پر افریقہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیزی سے کام کر رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت صرف 10ممالک ایسے ہیں جہاں کل آبادی کے 10 فیصد سے بھی کم افراد کے لیے ویکسین موجود ہے، اب بھی عالمی آبادی کے ایک تہائی حصے نے ویکسی نیشن نہیں کرائی، جس میں کم آمدنی والے ممالک میں دو تہائی ہیلتھ ورکرز اور تین چوتھائی معمر افراد شامل ہیں، تمام ممالک کمزور قوت مدافعت اور بیمار افراد کی ویکسی نیشن، علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی، ٹیسٹ، منتقلی کو محدود کرنا اور زندگیوں کو بچانے کے لیے اقدامات کریں۔