کیاآپ کو پھلوں اور سبزیوں کو دھونے کا آسان اور صحیح طریقہ معلوم ہے ؟

Published On 18 May,2023 12:54 pm

لاہور : (ویب ڈیسک ) ماہرینِ صحت ہوں یا ڈاکٹرز ہمیشہ باہر سے گھر میں لائی جانے والی چیزوں جن میں پھل اور سبزیاں بھی شامل ہیں ، ان کو استعمال سے پہلے دھونے کا مشورہ دیتے ہیں اور اگر ان کی ہدایات پر عمل کرلیا جائے تو انسان بہت حد تک بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔

دنیا بھر میں پھل اور سبزیوں کی نشوونما اور پیداوار کے لیے ان پر اکثر مختلف کیڑے مار ادویات کا اسپرے کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ انہیں صرف ایک بار پانی سے دھو لینا کافی نہیں۔

پھلوں اور سبزیوں کو بہت ہی جلدی اور آسانی کے ساتھ صحیح طریقے سے دھو کر ہم کئی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔

بیکنگ سوڈا

کچن میں موجود بیکنگ سوڈے کو کھانا پکانے کے علاوہ پھلوں اور سبزیوں کو دھونے کےلیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایک بڑے سے برتن میں پانی بھر کر اس میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ڈال کر اس میں پھلوں اور سبزیوں کو 10 منٹ تک بھگو کر صاف پانی سے دھو لیا جائے تو یہ ان چیزوں کے استعمال سے قبل بہت بہتر عمل بن جائے گا۔

نمک

چلیں اگر آپ کے پاس بیکنگ سوڈا نہیں ہے تو یہی کام نمک سے بھی کیا جاسکتا ہے اور اس کے لئے وقت بھی کم درکار ہوگا۔

اگر آپ نمک کا پانی استعمال کر رہے ہیں تو اس میں صرف پھلوں اور سبزیوں کو 5 منٹ ہی بھگونا پڑے گا اور پھر صاف پانی سے دھو کر انہیں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سرکہ

سرکہ ناصرف آپ کے کھانے کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ یہ پھلوں اور سبزیوں سے کیڑے مکوڑوں اور کیڑے مار ادویات کو ختم کرنے کے لیے ایک بہترین صفائی کا ایجنٹ بھی ہے۔

پھلوں اور سبزیوں کو استعمال سے پہلے سرکے کے پانی سے دھو کر محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

ہلدی

اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کے لیے مشہور ہلدی کو بھی پھلوں اور سبزیوں کو مؤثر طریقے سے صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہلدی کو پانی میں ملا کر اس سے پھلوں اور سبزیوں کو دھویا جاسکتا ہے۔

ماہرینِ صحت نے پھلوں اور سبزیوں کو دھوتے ہوئے ایک احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا ہے اور وہ یہ ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو دھونے کے لیے گرم پانی کے استعمال سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ ان کی غذائیت کو ضائع کرسکتا ہے۔
 

Advertisement