آسٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسی برقی پٹی بنائی ہے جو دل کی نگرانی اور بے ترتیب دھڑکن جیسی بیماری کی علامات کی کسی نقصان سے قبل نشان دہی کر سکتی ہے۔
وقتی ٹیٹو اسٹِکر کی طرح دِکھنے والی ’ای-ٹیٹو‘ نامی اس انتہائی مہین پٹی میں سینسر لگے ہوئے ہیں جو مسلسل دل کے عمل کی پیمائش کرتے رہتے ہیں۔
یہ پٹی دل کی دھڑکن اور برقی سرگرمی کو دیکھنے کیلئے الیکٹرو کارڈیوگرام (ای سی جی) اور دل کی دھڑکن سے کھلنے اور بند ہونے والے والو کے سبب پیدا ہونے والی تھرتھراہٹ کی پیمائش کرنے کیلئے سیزمو کارڈیوگرام (ایس سی جی) کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بمشکل کریڈٹ کارڈ کے سائز کی یہ ای-ٹیٹو پٹی پہلی موبائل ڈیوائس ہے جو دو ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس سے ایک ہی وقت میں دل کے برقی اور مکینکی فنکشن کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔
امریکی شہر آسٹن میں قائم یونیورسٹی آف ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مسائل کی جلد تشخیص سے قلبی مرض سے نمٹنے کیلئے یہ ایک بہترین چیز ثابت ہو سکتی ہے۔
ای-ٹیٹو متلی، سینے میں جلن اور پسینہ آنے کی قلبی مرض کی علامات کے حامل افراد کا معائنہ بھی کر سکتا ہے۔
فی الحال مشکوک قلبی امراض میں مبتلا افراد کا معائنہ ہسپتال میں کیا جا رہا ہے یا گھر پر استعمال کیلئے بھاری آلات دیئے جا رہے ہیں جبکہ ای-ٹیٹو پہننے میں کم تکلیف دہ اور زیادہ آرام دہ ہے۔
ای-ٹیٹو کی جانب سے حاصل کیا گیا ڈیٹا بلیو ٹوتھ کے ذریعے ایک ایپ کو بھیجا جاتا ہے جس کو مریض کی طبی ٹیم دیکھ سکتی ہے۔