وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ

Published On 26 August,2023 11:59 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں ڈینگی کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 45 ہو گئی ، جبکہ وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 تک پہنچ گئی ۔

ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد کی شہری آبادی سے 15 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، پمز ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 2 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ہولی فیملی ہسپتال میں 12 ، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 10 ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیں ۔

ڈی ایچ او کا بتانا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں میں 76 فیصد مرد اور 24 فیصد خواتین ہیں۔