نئی دہلی: (ویب ڈیسک) امریکا میں کیس سامنے آنے کے بعد بھارت میں بھی کورونا کی وبا ایک بار پھر پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں کورونا کیسز میں پریشان کن حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے، کورونا کے نئے کیسز میں مبتلا زیادہ تر مریضوں میں ویرینٹ JN.1 پایا گیا، کیسز بڑھنے پر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے حکومت نے کئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے ریاستی سرحد پر نگرانی بڑھانے کے ساتھ ساتھ کورونا ٹیسٹ کی مہم میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، علامات اور مشتبہ کیسز کے حامل افراد کو لازمی طور پر ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی گئی، کیسز کا مزید پھیلاؤ روکنے کیلئے ریاستی حکومت لوگوں کی نقل و حرکت اور اجتماع پر پابندی عائد کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
ریاست کیرالہ کی حکومت نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد پر ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معمر شہریوں میں کھانسی، بخار اور فلو جیسی علامات ظاہر ہوں تو ہسپتال سے رجوع کریں اور چند روز تک اجتماعات میں جانے سے گریز کریں، صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاہم ایک ایڈوائزری لے کر آ رہے ہیں جس میں مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد کے حوالے سے بھارت دوسرا بڑا ملک تھا جہاں 4 کروڑ افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 5 لاکھ سے زائد افراد اس مرض کی وجہ سے مارے گئے تھے۔