ورزش کرنا مردوں سے زیادہ خواتین کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے: ماہرین

Published On 23 February,2024 10:43 pm

لندن: (ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ وزرش کرنا مردوں سے زیادہ خواتین کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

محققین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں 4 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا گیا،مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ خواتین جو باقاعدگی سے ورزش کرتی تھیں ان کے مردوں کے مقابلے میں قبل از وقت موت کے امکانات کم تھے۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ ورزش کرنے والی خواتین میں ورزش نہ کرنے والی خواتین کے مقابلے میں قبل از وقت موت کے امکانات 24 فی صد کم تھے جبکہ مردوں میں یہ شرح 15 فی صد تھی، محققین کا کہنا تھا کہ ورزش کرنے والی خواتین میں مہلک دل کے دورے، فالج کے خطرات 36 فی صد کم تھے جبکہ مردوں میں یہ شرح 14 فی صد تھی۔

محققین کے مطابق ان نتائج میں پیش آنے والے اس فرق کی ممکنہ طور پر مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں سے ایک عضویات کا مختلف ہونا ہے، جیسے کہ مردوں کے پھیپھڑوں میں بڑی جگہ ہوتی ہے، ان کا دل بڑا ہوتا ہے، لِین باڈی ماس زیادہ ہوتا ہے اور فوری طور پر توانائی دینے والے پٹھوں کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔

ان تمام خصوصیات کے سبب مرد خواتین کے مقابلے میں زیادہ طاقت پیدا کرتے ہیں۔ تاہم، خواتین مردوں کے برابر ورزش کے لیے زیادہ کوشش کرتی ہیں،تحقیق میں دیکھا گیا کہ خواتین کو ورزش کرنے سے مردوں کےبرابر ہی فوائد حاصل ہوئے لیکن ایسا کرنے میں ان کو کم وقت لگا۔