اسلام آباد: (دنیانیوز) ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال اس وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
سندھ کے ضلع شکارپور سے تعلق رکھنے والا ڈھائی سال کا بچہ پولیو سے متاثر نکلا، جس کے بعد اس سال پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد چار ہو گئی، رواں سال سندھ میں پولیو کا پہلا کیس ریکارڈ ہوا ہے، اس سے قبل پاکستان میں پولیو وائرس کے 3 کیسز بلوچستان سے سامنے آئے تھے۔
66 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز
دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی سینٹر کی جانب سے 3 جون سے ملک بھر کے 66 مختلف اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
پولیو مہم کے دوران 16.5 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی بچوں کیلئے سنگین خطرہ ہے، والدین پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں. پولیو کے خاتمے کیلئے حکومتِ پاکستان پہلے سے زیادہ پُرعزم ہے۔