ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اوپی ڈیز بند، مریض رُل گئے

Published On 03 June,2024 11:13 am

لاہور : (دنیانیوز) مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز نے ایک بار پھر ہڑتال کردی، لاہور سمیت پنجاب بھر کی اوپی ڈیز بند ہونے سے مریض ُرل گئے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لاہور جنرل ہسپتال، چلڈرن، سروسز، گنگارام، جناح، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں ہڑتال جاری ہے ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہسپتالوں کی اِن ڈور اور آؤٹ ڈور سروسز بند کروا دیں ، ڈاکٹروں کی ہڑتال سے دور دراز سے آئے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے تمام ہسپتالوں میں سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں 15 سے 20 گارڈز متعین کئے جائیں۔

احتجاجی ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ہیلتھ کارڈ کا دوبارہ سے اجرا کیا جائے اور سیکرٹری ہیلتھ کو تبدیل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔