پاکستان نےہیپاٹائٹس کےعلاج کیلئے عالمی برادری سے 25کروڑ ڈالر مانگ لیے

Published On 08 August,2024 03:46 pm

اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) پاکستان نے ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ اور علاج کیلئے عالمی برادری سے 25 کروڑ ڈالرز مانگ لیے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائےصحت ڈاکٹر مختاربھرتھ نے ہیپاٹائٹس پر آگاہی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وفاق اور صوبوں نے 50 فیصد آبادی کی اسکریننگ اور علاج کیلئے 70 ارب روپے رکھے ہیں۔

ڈاکٹرمختار نے بتایا کہ بقیہ 50 فیصد آبادی کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ اور علاج کے لیے 25 کروڑ ڈالرز درکار ہیں، امید ہے عالمی برادری پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے درکار فنڈنگ مہیا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے حکومت مربوط اقدامات یقینی بنارہی ہے، ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے، پروگرام کے تحت 12 سال سے زائد عمر کی آبادی کی وسیع پیمانے پر اسکریننگ ہوگی جس سے مریضوں کا ٹیسٹ اور علاج مفت کیا جائے گا۔

ڈاکٹرمختارکا کہنا تھا کہ حکومت 2030 تک وائرل ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی، خون سے پھیلنے والا انفیکشن ہیپاٹائٹس سی متاثرہ خون کی منتقلی سے پھیلتا ہے، ہیپاٹائٹس سی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ وائرس کی منتقلی والے عوامل پر احتیاط ہے جس کیلئے ہمیشہ اسکرین شدہ خون لگوایں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کبھی بھی ایسی اشیاء استعمال نہ کریں جن پر دوسرے لوگوں کا خون لگ سکتا ہو، ہیپاٹائٹس سی کی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے، یہ ایک خاموش بیماری ہے کیونکہ اس کی کوئی علامت نہیں، بیماری کی کیفیت جاننے کا واحد طریقہ ٹیسٹ کروایا جائے۔